مریم نوازشریف 53

مریم نواز کا آٹزم میں مبتلا بچوں کی تعلیم و تربیت اور بحالی کے عزم کا اعادہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا آٹزم میں مبتلا بچوں کی تعلیم و تربیت اور بحالی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

آٹزم ڈے پر خصوصی پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹزم کے شکار افراد کے حقوق، ان کی شمولیت اور معاشرے میں مساوی مواقع پیدا کرنے پر زور دیا اور آٹزم کے دن پر آگاہی کیساتھ ساتھ متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے موثر عملی اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سنٹر کے قیام پر اظہار تشکر کیا اور آٹزم سنٹر کے قیام پر معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ لاہور میں بننے والا سکول آف آٹزم جیسے ادارہ کی دنیا بھر میں کوئی مثال نہیں، آٹزم سکول میں ایرلی آٹزم کے پہلے مرحلے پر تشخیص کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے، صوبہ بھر کے 27 ڈویژنل پبلک سکولوں میں بھی آٹزم سنٹر قائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آٹزم میں مبتلا بچوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہمارا عزم ہے، مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم سکول نہیں بلکہ سماجی انقلاب ہے، جو حب بنے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹسٹک بچوں کے علاج کی ایکٹیویٹی کو ہر ضلع کی سطح تک لے کر جائیں گے، آٹسٹک بچوں کے لئے پہلے سرکاری آٹزم سکول کا قیام کسی نعمت سے کم نہیں، صوبے بھر کے سپیشل طلبہ کیلئے ہمت کارڈ اور ہر سپیشل ایجوکیشن سنٹر کے لئے ٹرانسپورٹ مہیا کر رہے ہی، سپیشل ایجوکیشن مراکز کی تعمیر نو اور ہر ڈسٹرکٹ میں سنٹر آف ایکسی لینس فار سپیشل سٹوڈنٹس بنانے جا رہے ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ خصوصی بچے آزمائش نہیں بلکہ اللہ کی نعمت ہیں اور معاشرے کو امتیازی سلوک ختم کرنا چاہیے، پنجاب میں پہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن اور سپیشل بچوں کو بھی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ28 سپیشل ایجوکیشن سکولوں کو سنٹر آف ایکسی لینس برائے سپیشل ایجوکیشن اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، پنجاب بھر میں سپیشل بچوں کیلئے سپیشل قسم کی 70 بسیں فراہم کر رہے ہیں، وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد پنجاب کے تمام شہروں میں سپیشل ایجوکیشن سنٹرز بنانے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پورے صوبے میں سپیشل افراد کیلئے 313 اداروں کو بہتر بنائیں گے، لیہ، بھکر، جنوبی پنجاب، شمالی پنجاب وسط پنجاب میں سنٹر آف ایکسی لینس میں ہزاروں سپیشل بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں