مریم نواز 55

مریم نواز سے چین کے نئے قونصل جنرل سن یان کی ملاقات، دوطرفہ تعاون پر زور

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں نئے تعینات چین کے قونصل جنرل سن یان سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری اور دیرینہ دوستی پر زور دیا۔

وزیراعلیٰ نے دورہ چین کی دعوت شکریہ کے ساتھ قبول کی اور سٹریٹجک تعاون، سی پیک کے فروغ، دفاعی تعاون اور دیگر ممالک کے ساتھ کشیدگی کم کرنے میں چین کے کردار پر تشکر کا اظہار کیا، انہوں نے نئے قونصل جنرل کی سفارتی مہارت کو بھی سراہا۔

ملاقات میں پنجاب حکومت اور چینی قونصل خانے کے ساتھ مل کر اقتصادی اور ثقافتی تبادلوں کو وسعت دینے، تجارت، انفراسٹرکچر، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

مریم نواز شریف نے پنجاب میں صنعتی ترقی، لاجسٹک کوریڈورز اور تکنیکی شراکت داری کے ذریعے معاشی ترقی کے اہداف پر زور دیا، جبکہ قونصل جنرل سن یان نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو سٹریٹجک اعتماد، باہمی احترام اور غیر متزلزل یکجہتی کی روشن مثال قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں