بیرسٹر سیف

مریم نواز خود کو اور پاپا کو زبردستی ہیرو بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں، بیرسٹر سیف

پشاور (رپورٹنگ آن لائن) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ مریم نواز خود کو اور اپنے پاپا کو زبردستی قوم کا ہیرو بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں۔

عوامی منصوبے اپنے نام سے منسوب کرنے پر بیرسٹرسیف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ عوام کے ووٹ سے منتخب ہی نہیں ہوئے، وہ عوامی منصوبوں کو اپنے نام سے کیسے منسوب کر سکتے ہیں؟ بانی پی ٹی آئی نے ٹھیک کہا تھا کہ ایک تو یہ پڑھے لکھے نہیں اوپر سے سیکھنے کی کوشش بھی نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں تو لندن کے فلیٹس بھی اپنے نام سے منسوب کرنے کا حق نہیں، لندن کے فلیٹس بھی عوام کے ٹیکسوں کی چوری سے بنائے گئے، عوامی منصوبوں کو اپنے نام سے منسوب کرنے کیلئے حقیقی عوامی مینڈیٹ اور عوامی خدمت کی تاریخ ضروری ہوتی ہے۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ قوم بخوبی جانتی ہے کہ باپ بیٹی دونوں جعلی فارم 47 پر منتخب ہوئے، قوم کا اصل ہیرو عمران خان ہے اور قوم اپنے ہیرو کو پہچانتی ہے، بانی پی ٹی آئی نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، نواز شریف اور مریم نواز نے ایسا کون سا کارنامہ انجام دیا ہے جس پر فخر کیا جا سکے؟

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ 8 فروری کے انتخابات میں قوم نے نوازشریف کو مسترد کیا، ڈاکٹر یاسمین نے انہیں شکست دی، نواز شریف جعلی فارم 47 کا سہارا لے کر اسمبلی پہنچے، عوام کے پیسوں سے بنائے گئے منصوبے اپنے نام سے منسوب کرنا عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔