لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز ایک سال بعد عوام کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کرنے والی پہلی وزیراعلیٰ ہیں اور پنجاب کے عوام نے مریم نواز کی کارکردگی پر اطمینان کی مہر لگائی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مریم نواز سے متعلق ایک جماعت اور اسکے لوگ مسلسل مغلظات بک رہے ہیں،پہلے بانی پی ٹی آئی مریم نواز کے بارے میں اخلاقیات سے گری ہوئی گفتگو کرتا تھا،اب یہ کام علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف نے بھی شروع کردیا ہے .
خط بازیاں کرنا آپکے لیڈر اور آپ لوگوں کی پرانی عادتیں ہیں جو آج تک نہیں بدلیں ، بانی پی ٹی آئی کی ٹریننگ پر ہی وزیراعلی کے پی اور انکے ترجمان مریم نواز کے بارے میں ایسی گفتگو کرتے،انکی زبان،انکی باتوں انکی خاندانی اقدار اور انکی فیملی کی خواتین پر ترس آتا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز آج پنجاب سمیت پاکستان کے یوتھ کی پسندیدہ لیڈر بن گئی ہیں،نارووال کے کامیاب جلسے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد اسکا کھلا ثبوت ہے.
اڈیالہ کا قیدی اور اسکے چیلے بغض مریم میں ہلکان ہورہے ہیں،مریم نواز کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت سے دو صوبوں کی حکومتیں پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین حسد اور تعصب کی عینک اتاریں اور پنجاب کے اچھے منصوبوں کی تعریف کریں، اگر کسی صوبے کو پنجاب کے کسی منصوبوں کی تفصیل چاہیے تو مریم نواز فراہم کریں گی ، مریم نواز کو عوام کی خدمت کا درس اپنی والد سے ملا اسی ویژن پر وہ چل رہی ہیں۔