فواد چوہدری

مریم اور بلاول شوپیس ہیں فیصلے نواز شریف اور آصف زرداری کو کرنا ہیں،فواد چوہدری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری تو شوپیس ہیں، فیصلے نواز شریف اور آصف زرداری کو کرنے ہیں،بچوں سے مذاکرات کر کے کسی نے کیوں وقت ضائع کرنا ہے، نا تو لانگ مارچ ہو گا اور نہ استعفے دیئے جائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پانے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری تو شوپیس ہیں، فیصلے نواز شریف اور آصف زرداری کو کرنے ہیں، وہ اپنے مقدموں سے نکلنا چاہتے ہیں باقی کسی معاملے سے ان کی دلچسپی نہیں، بچوں سے مذاکرات کر کے کسی نے کیوں وقت ضائع کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سیاست واپس معمول پر آگئی ہے، نا تو لانگ مارچ ہو گا اور نہ استعفے دیئے جائیں گے، تمام لوگ اپنی تنخواہ میں کام کریں گے۔

اس سے قبل اپنی ایک اور ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی پہلی ڈرون پالیسی مرتب کرنے کی منظوری دی ہے، اس پالیسی کے نتیجے میں پاکستان میں ڈرونز اور خصوصا زرعی ڈرون کی انڈسٹری میں نئی جہتیں آئیں گی اور جدید ڈرونز کی نجی طور پر درآمد بھی ممکن ہو سکے گی۔