لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ،سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مریض اگر قیدی ہو اور آپ کا سیاسی مخالف بھی ہو تو اس کے حقوق کی حفاظت کرنا زیادہ اہم ہو جاتا ہے،ہر جیل سخت ہو یا نرم اپنے قیدی کو ایک بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے، یہ جگہ بیتی بھی ہے اور آپ بیتی بھی، بانی پی ٹی آئی کی بینائی متاثر ہونے کی خبریں تواتر سے آرہی ہیں اور یہ پریشان کن ہیں۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فوری اور موثر علاج ہر انسان کا بنیادی حق ہے، اصولاًبانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ یا پارٹی کو سپریم کورٹ تک جانے کی ضرورت ہی نہیں پڑنی چاہیے تھی۔اس موقع پر ان کے دور حکومت میں سیاسی مخالفین سے بدسلوکی کے واقعات دہرانا اعلی ظرفی نہیں ہوگا،
حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر سرکاری موقف جاری کیا جائے، ان کے اہل خانہ سے ملاقات کروائی جائے۔انہوںنے مزید کہا کہ عمران خان کی منشا ء کے مطابق ڈاکٹرز کو ان تک رسائی دی جائے، بانی پی ٹی آئی کے بہترین علاج کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں۔









