کراچی (رپورٹنگ آن لائن)آل کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین عام آدمی پارٹی پاکستان کے بانی ایازمیمن موتی والا نے کہا ہے افسوس کہ آج روشنیوں کے شہر میں اندھیروں کا راج ہے شہر قائد بنیادی ضروریات سے مکمل محروم ہوچکاہے.
شہر قائد میں گرمی کی شدت کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلے نے جینا حرام کردیاہے۔یہ عمل سراسر بجلی کمپنی کا غیر انسانی رویہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔کراچی کے شہری گرمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شدید مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے کسی بھی لمحے گھنٹوں کے حساب سے لوڈشیڈنگ کا عمل اب معمول بن چکاہے.
جب کے دن ایک سے ڈیڈھ گھنٹے کی لائٹ دے کرچار گھنٹے بجلی سے محروم رکھاجاتاہے۔ ان خیالات کااظہارانہوِں نے ڈیفنس آفس سے جاری کردہ بیان میں کیا۔ ایاز میمن کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کے عذاب سے بزرگ افراد، خواتین اور بچے خاص طور پر اذیت میں مبتلا ہیں،بغیر کسی پیشگی اطلاع کے گھنٹوں بجلی بند کرنا عوام پر سرارظلم کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے پچھلے 12 دنوں سے رات کو اضافی لوڈشیڈنگ معمول بنالی ہے، سخت گرمی میں خواتین، بچے، بوڑھے اور بیمار ذہنی اذیت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے کے باوجود بجلی بندش کا شکار ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے لوگ سراپا احتجاج ہیں مگر ان کے احتجاج کا کوئی بھی نوٹس لینے والا نہیں ہے۔