محکمہ کوآپریٹو 250

محکمہ کوآپریٹو: سرکل اور اسسٹنٹ رجسٹرار فیلڈ کے اختیارات سلب، فضل رندھاوا سوسائٹیز سے برائے راست ڈیلز کرنے لگا ، رجسٹرار خاموش

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) محکمہ کوآپریٹو پنجاب میں کرپٹ مافیا نے فیلڈ افسران کے اختیارات سلب کر لئے۔ ذرائع کے مطابق فیلڈ میں تعینات محکمے کے اسسٹنٹ رجسٹرار اور سرکل رجسٹرار کے زیر اختیارات بعض فائلز کا متعلقہ افسران کو علم تک نہیں ہوتا کہ رجسٹرار کوآپریٹو اشفاق احمد اور اس کی من پسند ٹیم ممبران جوائنٹ رجسٹرار فیلڈ لاہور سیٹھ اقبال، ڈپٹی رجسٹرار لاہور ساجد حسین اور محکمے میں بڑی بڑی ڈیلز کے ماہر سمجھے جانے والے فضل احمد رندھاوا خود ہی پارٹیوں سے ساز باز کر کے بھاری رقم کے عوض فائلوں کی منظوری دے دیتے ہیں۔

لاہور سے باہر تعینات ایک سرکل رجسٹرار اور لاہور میں تعینات ایک اسسٹنٹ رجسٹرار نے بتایا کہ رجسٹرار کوآپریٹو اشفاق احمد کو ایک ایماندار اور باوقار افسر سمجھا جاتا تھا مگر کرپٹ ٹولے کو ساتھ بٹھانے سے واضح ہو گیا ہے کہ وہ بھی محکمے میں تمام بدعنوانیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ فضل احمد رندھاوا جو کہ محکمے میں کرپشن کا بادشاہ سمجھا جاتا ہے اس کو رجسٹرار آفس میں سرکل رجسٹرار لگانے سے رجسٹرار کوآپریٹو اشفاق چوہدری کا کردار مشکوک ہو گیا ہے۔
کوآپریٹو افسران نے مزید بتایا کہ ان کی سوسائٹیز میں ایسے کام ہو رہے ہیں جو کہ ان کے علم میں بھی نہیں ہوتے۔ کرپٹ ٹولا برائے راست بھاری رقم کے عوض غیر قانونی کاموں کی منظوری دے رہا ہے۔ سرکل رجسٹرار اور اسسٹنٹ رجسٹرار کو ان کی زیر نگرانی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کام ہونے جانے کے بعد پتا چلتا ہے اور فائل اوپر ہی اوپر منظور کر لی جاتی ہے۔ کوآپریٹو کے فیلڈ افسران نے بتایا کہ سیٹھ محمد اقبال خود کو رجسٹرار لگوانے کےلئے لابنگ کر رہ ہے۔
محکمہ کوآپریٹو
فیلڈ افسران کا کہنا ہےکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی ، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان اختر اور سیکرٹری کوآپریٹو مسرت جبیں کو محکمے میں ہونے والی نا انصافیوں کا نوٹس لینا چاہیے اور ایک مخصوص گروپ کا لاہور میں قبضہ ختم کر کے محکمے کی ساکھ کو خراب ہونے سے بچانے کےلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں