اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا حکم دے دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و دیگر انتظامات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سیف سٹی میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا، مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کیلئے 4 درجاتی حصار قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، محفوظ محرم خصوصی ایپ کے ذریعے شہری مشتبہ شخص، مشکوک سرگرمی یا نامکمل حفاظتی انتظامات کی اطلاع دے سکیں گے، لائیو لوکیشن اور امیج شیئرنگ کی سہولت بھی میسر ہوگی۔
وزیر داخلہ نے جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پرسخت چیکنگ کا حکم بھی دیا ہے اور جامع ٹریفک پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں، اہلکاروں کے کھانے پینے کے معیاری انتظامات کو بروقت یقینی بنایا جائے، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے علمائے کرام سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنایا جائے، اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔








