اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں قائم 24/7 نادرا میگا سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور وہاں شہریوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے فراہم کی جانے والی سہولتوں سے متعلق دریافت کیا۔شہریوں نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ اب انتظار کی زحمت نہیں ہوتی اور باری جلد آجاتی ہے جبکہ عملہ بھی بھرپور تعاون کرتا ہے.
شہریوں نے سہولتوں کی فراہمی پر وزیر داخلہ اور نادرا انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے آنے سے حالات مزید بہتر ہوئے ہیں۔وزیر داخلہ نے نادرا میگا سنٹر کے شفٹ انچارج اور عملے کو شاباش دیتے ہوئے مزید محنت اور شہریوں کی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی.
انہوں نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔محسن نقوی نے ویٹنگ ایریا اور مختلف کاؤنٹرز پر جا کر شہریوں سے براہ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے جبکہ شناختی کارڈز کے حوالے سے شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
وزیر داخلہ نے جدید خودکار مشین کا معائنہ بھی کیا اور خود شناختی کارڈ نمبر فیڈ کر کے اور فنگر پرنٹس کے ذریعے خودکار نظام کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا ہے کہ خوشی ہے نادرا سنٹر میں شہریوں کو بغیر انتظار کے خدمات مل رہی ہیں، شہریوں کے لیے ہر سطح پر آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔