لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر داخلہ محسن نقوی نے جعفر ایکسپریس کے 100 سے زائد مسافروں کو بازیاب کرانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 16 سے زائد دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا، زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نہتے مسافروں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے، معصوم مسافروں پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں بلوچستان میں دہشتگردی کے ذریعے ملک میں عدم استحکام کی سازش کررہی ہیں، قوم کی حمایت سے ایسی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔