محمد جاوید قصوری

محرم الحرام دین اسلام کی سربلندی کی خاطر قربانیوں اور شہادتیں دینے کا درس دیتا ہے’ جاوید قصوری

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا کہ محرم الحرام دین اسلام کی سربلندی کی خاطر، قربانیوں اور شہادتوں کا مہینہ ہے جوہمیں ظالم کے سامنے ڈٹ جانے اور صبر و تحمل سے مقابلہ کرنے کا درس دیتا ہے.

حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی جدوجہد نے ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام دیا،اسلامی تقویم اور ہجری سال میں محرم الحرام کی عظمت و اہمیت ایک مسلّمہ امر ہے، حکومت اس مہینے کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے عوام کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے جو ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے حق کے راستے میں صبر واستقامت، حق گوئی اور اعلیٰ اقدار کے فروغ کی خاطر پیش کیں۔ خصوصاً واقعہ کربلا اور شہادت حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ جو کہ حقیقت میں اسلام کی فتح، اسلامی اصولوں کی سر بلندی اور اس قربانی کاثمر ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کے دور میں، جب امت مسلمہ گو ناگوں چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے،کفار چاروں اطراف سے ہمارے اوپر حملہ آور ہیں ، غزہ میں نہتے اور معصوم لوگوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔

ان واقعات میں ہمارے لیے وہ پیغام ہے جو معاشرتی ہم آہنگی، بین المسالک رواداری، اور خدمت انسانیت کے لیے رہنما اصول فراہم کرتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ان دُور رَس تعلیمات کو اپنی انفرادی واجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں، محبت، اخوت اور شعور کی شمع کو روشن کریں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ دین اِسلام تکریم اِنسانیت کا دین ہے۔ یہ اپنے ماننے والوں کو نہ صرف اَمن و آشتی، تحمل و برداشت اور بقاء باہمی کی تعلیم دیتا ہے بلکہ ایک دوسرے کے عقائد و نظریات اور مکتب و مشرب کا احترام بھی سکھاتا ہے۔

یہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ بلا تفریقِ رنگ و نسل تمام انسانوں کے قتل کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ہر دور میں سچ اور انصاف کا ساتھ دیں۔ دین اسلام کے جن اصولوں کی خاطر حضرت امام حسین نے شہادت پیش کی ان اصولوں کی علمبرداری کے لئے ہم بھی کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔