اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومت اکیلے کچھ نہیں کرسکتی قوم کو مل کرکرنا ہوگا،پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں ماحولیاتی تبدیلی پر کبھی توجہ نہیں دی گئی ، کورونا وائرس کی طرح ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کسی سرحدی حدبندی سے آزاد ہے،درخت لگنے سے ہمارے ملک میں آلودگی کا خاتمہ ہوجائیگا،پانی کا مسئلہ سامنے آرہا ہے جس کے برے اثرات آسکتے ہیں،ہمیں آنے والی نسلوں کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ ہفتہ کو یہاں پاکستان کی میزبانی میں عالمی یوم ماحولیات کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آنے سے پہلے تک پاکستان کی تاریخ میں صرف 64 کروڑ درخت لگائے گئے۔انہوں نے کہا کہ جب ہماری خیبرپختونخوا میں حکومت بنی اور ایک ارب درخت لگانے کا فیصلہ کیا تو اس سے پہلے کبھی کسی حکومت نے ایسا منصوبہ تشکیل دینے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔عمران خان نے کہا کہ یوم ماحولیات کی میزبانی اعزاز کی بات ہے، ماحولیات کی بہتری کے لیے دنیا پاکستان کی کاوشوں کوتسلیم کررہی ہے، دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان کو آئندہ نسلو ں کی فکر ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں پانچ برس کے اندر ایک ارب درخت لگائے۔عمران خان نے کہا کہ ہماری نظروں کے سامنے سے ملک کے جنگلات کو ختم کیا گیا، جنگلات کی زمینوں پر قبضے کرلیے گئے اور تب کسی حکومت کو کوئی فکر لاحق نہیں تھی۔انہوں نے لاہور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں آلودگی کا تناسب غیرمعمولی طور پر بڑھ چکا ہے کیونکہ مختلف منصوبوں کی تکمیل کے لیے سیکڑوں درختوں کو کاٹ دیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں ایک موقع ملا کہ ہم آئندہ 10 برس کے دوران ایکو سسٹم کو بہتر کرلیں۔عمران خان نے کہا کہ ایک طرف ہوس ہے اور دوسری طرف انسانیت اور جب ان کے مابین توازن برقرار نہ رہے تو کنزیومرازم کی وجہ سے انسانیت کو نقصان پہنچاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج ایک فیصد سے بھی کم ہے۔وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا حوالہ دے کر کہا کہ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے باعث آبی وسائل کی کمی کی طرف اشارہ کیا اور آج ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے ملک میں صوبے ایک دوسرے پر پانی چوری کا الزام لگاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا 80 فیصد پانی گلیشیئر سے آتا ہے اور ماحولیاتی تبدیلی کے باعث ہمارے گلیشیئر متاثر ہور ہے ہیں۔
عمران خان نے کہاکہ کورونا وبا سے ایک فائدہ یہ ہوا کہ دنیا کو معلوم چل گیا کہ وہ ایک دوسرے سے الگ نہیں، صرف سرحد بند کردینے سے سارے مماملات ٹھیک نہیں رہتے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی طرح ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کسی سرحدی حدبندی سے آزاد ہے۔انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے بالخصوص وہ ممالک جن کے آبی وسائل گلیشیئر سے منسلک ہیں وہ زیادہ متاثر ہوں گے اور پاکستان ان میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ 10 ارب میں سے ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ کامیابی سے ہمکنار ہوچکا ہے جبکہ 9 ارب درخت لگانے کے لیے پوری قوم کو یہ احساس کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل پارکس بنارہے ہیں ان کے لیے خصوصی گارڈز لگائے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ ملک بھر کے ٹیچرز بچوں کو درخت لگانے کی اہمیت سے آگاہ کریں، درخت لگنے سے ہمارے ملک میں آلودگی کا خاتمہ ہوجائے گا۔