مراد علی شاہ

ماحولیاتی تبدیلی میں پاکستان کا کوئی حصہ نہیں، مراد علی شاہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی میں پاکستان کا کوئی حصہ نہیں ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اتنا سنگین سیلاب پہلے کھبی نہیں آیا جبکہ سیلاب سے سندھ میں 80 فیصد سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے دنیا بھر میں سیلاب کے متعلق آگاہی دی ہے اور اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے خود کہا کہ اس قدر تباہی نہیں دیکھی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں یہ سیلابی ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہوئی ہے جبکہ ماحولیاتی تبدیلی میں پاکستان کا کوئی حصہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کراچی شہر میں بارشوں کے بعد کام ہورہا ہے تاہم24 اضلاع میں اس وقت ایمرجنسی ہے ۔وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ تمام فلاحی اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے بڑھ چڑھ کر آگے رہے ہیں۔اس سے قبل وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈی ایم سی ساﺅتھ کے میرا پیر میٹرنٹی ہوم موسی لین کا دورہ کیا اور ڈائیلاسسز سینٹر کا افتتاح کیا۔انہوں نے بتایا کہ میٹرنٹی ہوم میں جے ڈی سی نے ڈائیلاسز سینٹر قائم کیا ہے، یہاں پر روزانہ 10 لوگوں کا ڈائیلاسز ہوسکیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ جاری ترقیاتی کاموں کے معائنے کے دوران بغدادی، لیاری پہنچے جہاں پیپلزپارٹی کے کارکن انہیں پارٹی آفس لے گئے۔پی پی پی رہنما نبیل گبول نے جئے بھٹو، جئے بلاول اور جئے مراد علی شاہ کے نعروں کے درمیان وزیراعلی کا استقبال کیا۔علاوہ ازیں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے میرا ناکہ چاکیواڑہ، لیاری کے علاقوں کا دورہ کیا جہاں تباہ شدہ سڑکوں کے پیچ کا کام جاری ہے جبکہ انہوں نے ڈاکیارڈ روڈ کے جاری پیچ ورک کا معائنہ کیا ۔