کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے لیاری میں اسماعیل شہید پارک پر غیر قانونی تعمیرات روکنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی و دیگر کو فوری ایکشن لینے کی ہدایت کر دی۔ پیر 26 اپریل کو سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پارک کی چار دیواری توڑ کر تعمیرات شروع کر دی گئیں،
متعلقہ حکام سے رجوع کیا مگر کوئی شنوائی نہیں۔ پہلے بڑے پارکوں کو ختم کیا اب چھوٹے پارک بھی ختم کیے جا رہے ہیں لہذا پارک پر غیر قانونی تعمیرات رکوائی جائیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ غیر قانونی تعمیرات فوری رکوائی جائیں اور اگر تعمیرات غیر قانونی ہیں تو تعمیر کردہ عمارت گرائی جائے۔
عدالت نے متعلقہ حکام کو فیصلے پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایس بی سی اے و دیگر اداروں کو عمل درآمد کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔ عدالت نے ڈی جی ایس بی سی اے اور دیگر فریقین کو نوٹس بھی جاری کر دیے۔