کراچی (رپورٹنگ آن لائن) ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے سے شہر کے ہیوی ٹریفک کو گزارنے کے عمل کا آزمائشی بنیادوں پر جائزہ لے رہے ہیں۔
پیر کوایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعظمی کراچی مرتضی وہاب نے لیاری ایکسپریس وے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ این ایچ اے اور موٹروے پولیس کے اعلی حکام بھی تھے۔ مرتضی وہاب نے ڈی آئی جی موٹرویزاور این ایچ اے حکام کے ہمراہ لیاری ایکسپریس وے سے ہیوی ٹریفک کی منتقلی کے نظام کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتےہوئے انھوں نے کہا کہ آزمائشی بنیادوں پرہیوی ٹریفک کو لیاری ایکسپریس وے پر منتقل کرکے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔اس عمل سے شہر میں ٹریفک کے دبا میں کمی آنے میں ہرممکن مدد ملے گی۔ ایڈمنسٹریٹرکراچی نے بتایا کہ ایکسپریس وے سے ٹرک سمیت کنٹینربردار ٹرالر گزارے جائینگے۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ کراچی میں ٹریفک جام بڑا مسئلہ ہے اور اس مسئلے کے مستقل حل کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔