لاہور (رپورٹنگ آن لائن) معروف اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ لوگ میرے لنگر کی وجہ سے مجھ سے حسد کرتے ہیں۔
حال ہی میں پاکستانی پنجابی فلم اور تھیٹر انڈسٹری کی معروف اداکارہ دیدار نے اداکارہ ریشم پر دوسروں کی زندگیاں خراب کرنے کا سنگین الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد سے دونوں اداکارائیں خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔
دیدار نے یہاں تک کہا کہ ان کا ریشم کے ساتھ تجربہ اچھا نہیں رہا اور لوگوں کو خاص طور پر ان کے دوستوں کو بھی ان سے بچ کر رہنا چاہیے۔
اداکارہ ریشم نے ایک پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اس تنقید کا کسی کا نام لئے بغیر بھرپور انداز میں جواب دیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا وقت ابھی ختم نہیں ہوا، بلکہ لوگ میرے لنگر سے حسد کرتے ہیں کیونکہ وہ اس کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ پر تنقید کرنے والوں کی پہچان کیا ہے؟ ان کی شہرت کی بنیاد ان کی بہن ہے، ایک شخص جو 30 سال سے دن رات ناچ رہا ہے، مگر اس کی اپنی شناخت کیا ہے؟ ان کی بہن، یہ افسوسناک ہے۔
ریشم کا مزید کہنا تھا کہ آپ کو ان لوگوں کا ذکر کرنا چاہیے جنہوں نے زندگی میں کچھ حاصل کیا ہو، ایک اچھا انسان ہمیشہ آپ کے بارے میں اچھا ہی بولے گا، جبکہ برا انسان صرف زہر اگلتا ہے۔
یہ تنازع شوبز انڈسٹری میں ایک نئی بحث کو جنم دے رہا ہے، جہاں دونوں فنکاراؤں کے مداح اپنی اپنی پسندیدہ فنکار کا دفاع کر رہے ہیں۔









