پشاور(رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واپڈا حکام کو ہدایات جاری کیں کہ ظالمانہ لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے .
گورنر ہاوس پشاور سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار گورنر نے پیسکو حکام کے اجلاس میں کیا اجلاس میں چیف انجینئر اختر حمید خان ، چیف انجینئر ڈیویلپمنٹ زبیر کنڈی ، پراجیکٹ ڈائریکٹرز ظفر اقبال ، اجمل خان ،اور ایکسین پی ڈی سی کاشف خان شامل تھے ، واپڈا حکام نے گورنر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ریکوری ، نئے گرڈ اسٹیشنز کی تعمیر ، فیسکو کے ساتھ بلوٹ کے مسائل اور دیگر امور پر بریفنگ دی ،
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیسکو میں ضروری بھرتیاں نہ ہونے کی وجہ سے سروسز متاثر ہورہی ہیں جو عوام اور محکمہ دونوں کے ساتھ زیادتی ہے انہوں نے اس حوالہ سے وفاقی حکومت کو لیٹر لکھنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ محکمہ کی افرادی قوت پوری ہو اور عوامی شکایات کا ازالہ ممکن ہو انہوں نے بندکورائی گرڈ اسٹیشن کی مشینری کی تنصیب جلد مکمل کی جائے تاکہ گرڈ سے منسلک صارفین کو لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کی شکایات سے نجات ملے گی اور لوڈ بھی تقسیم ہوگا ،
انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ میں اس بات کو مدنظر رکھا جائے کہ فراہمی آب کے منصوبہ جات متاثر نہ ہوں ، شدید گرمی میں اکثر علاقوں میں پانی کی قلت سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے اسکا تدارک کیا جائے ۔