کراچی (رپورٹنگ آن لائن) لیجنڈری صوفی گلوکارہ عابدہ پروین نے بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لتا جی کی آواز خدا کی طرف سے تحفہ تھی۔’لگ جا گلے’ گلوکارہ کی موت نے عالمی سطح پر موسیقی براردی کو افسردہ کردیا ہے،گلوکارہ عابدہ پروین نے بھارتی میڈیا کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے لتا منگیشکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔لتا منگیشکر کو یاد کرتے ہوئے عابدہ پروین نے کہا کہ ‘اْن کی آواز خدا کی طرف سے تحفہ تھی اور ایسا تحفہ رکھنے کے باوجود اْنہوں نے جس عاجزی کا مظاہرہ کیا وہ منفرد ہے۔’عابدہ پروین نے کہا کہ ‘لتا جی کی روح کو خدا نے چنا تھا، وہ ایسی تھیں جن کی آواز میں اپنی انفرادیت چھلکتی تھی، انہوں نے جو بھی گانا گایا، وہ اْس میں پوری طرح ڈوب جاتیں۔’گلوکارہ نے کہا کہ ‘لتا منگیشکر نے خدا کی طرف سے دیے گئے تحفے کے ذریعے پوری دنیا کو اپنا بنا لیا۔
‘اْنہوں نے یہ بھی کہا کہ ‘وہ اتنی عاجز تھیں، وہ اپنے بارے میں کچھ نہیں سوچتی تھیں، مجھے یاد ہے کہ اْن سے ایک بار پوچھا گیا تھا کہ کیا تمہیں اپنے گانے پسند ہیں؟ جس پر لتا جی نے جواب دیا تھا، اگر مجھے دوسری زندگی مل جائے تو میں انہیں دوبارہ گا کر ان کی اصلاح کروں گی۔’عابدہ پروین نے کہا کہ ‘ان جیسے بڑے لوگ اپنے کام سے کبھی مطمئن نہیں ہوتے جبکہ لوگ اْن کے گانوں سے اس طرح سیکھ سکتے ہیں جیسے وہ اسکول سے سیکھتے ہیں۔’