بیروت

لبنان کے لیے امریکہ کی ایک کروڑ 70لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان

واشنگٹن (ر پورٹنگ آن لائن )بیروت میں تباہ کن دھماکے کے بعد امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی

ہدایت پر لبنان کو طبی امداد، خوراک اور پانی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق

یہ بات امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ سی او برائن نے بتائی۔حکام کے مطابق اس ابتدائی امداد

کے علاوہ امریکہ لبنانی حکام کے ساتھ مل کر صحت اور انسانی ہمدردی کے تحت مزید امداد کا تعین کرے گا۔

امریکہ کا بین الاقوامی ترقی کا ادارہ یو ایس ایڈ لبنان میں تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے ایک ٹیم بھیج رہا ہے .

جو امدادی کاموں میں تعاون کرے گی۔وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ابتدائی طور

پرایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے اور کہا ہے کہ امریکہ اس المناک حادثے کے بعد

لبنانی عوام کی بحالی کی کوششوں میں ان کی مدد کرتا رہے گا۔پومپیو کے مطابق امریکہ اس مطالبے میں

عالمی برادری کے ساتھ یک زبان ہے کہ اس واقعہ کی وجہ کی مکمل اور شفاف تفتیش کی جائے۔