نیویارک(رپورٹنگ آن لائن)ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان میں بارہا اور غیر قانونی طور پر طبی عملے اور صحت کی سہولیات پر حملے کیے ہیں جو کہ جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے قابض فوج سے مطالبہ کیاکہ وہ صحت کی ٹیموں اور سہولیات پر غیر قانونی حملوں کو فوری طور پر بند کرے۔
تنظیم نے اسرائیل کے اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ اس کو ہتھیاروں کی منتقلی کو معطل کر دیں کیونکہ اس اسلحے کو سنگین خلاف ورزیوں کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔تنظیم نے تین حملوں کی بھی نشاندہی کی جن میں قیاس جنگی جرائم شامل ہیںان میں اسرائیلی فوج نے 3 اکتوبر 2024 کو وسطی بیروت کے قریب ایک سول ڈیفنس سنٹر میں پیرامیڈیکس سمیت عملے، نقل و حمل کے ذرائع اور طبی سہولیات پر غیر قانونی طور پر بمباری کی تھی۔
چار اکتوبر کو جنوبی بیروت میں ایک ایمبولینس اور ایک ہسپتال پر اسرائیلی بمباری میں 14 پیرامیڈیکس شہید ہو گئے تھے۔تنظیم نے زور دے کر کہا کہ طبی عملے اور ہسپتالوں پر غیر قانونی اسرائیلی حملے لبنان میں پہلے سے ہی خستہ حال صحت کے شعبے کو تباہ کر رہے ہیں اور طبی عملے کو سنگین خطرے سے دوچار کر رہے ہیں۔