عمران خان

لاہور،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نو مئی کے 4 مقدمات میں ضمانت منظور

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درج 9 مئی 2023 کے جلا ﺅگھیراﺅ سے متعلق 4 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی۔دوران سماعت پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے دلائل دئیے کہ 9 مئی کو لاہور مال روڈ سے جو ریلی نکلی اس کو صرف آرمی ہاﺅس نظر آئے، بڑی پلاننگ کے تحت عسکری ٹاور اور کور کمانڈر ہاس پر حملہ کیا گیا۔ عوام کو اکسایا گیا، بیانیہ بنایا گیا، بانی پی ٹی آئی کے ساتھی ملزمان کی ضمانتیں انہیں نکات پر اسی عدالت سے خارج ہوئیں۔

گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل مکمل کیے تھے، سلمان صفدر نے موقف اختیار کیا تھا کہ 9 مئی کو بانی پی ٹی آئی لاہور میں موجود نہیں تھے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے مقدمات انتقامی کارروائی ہے، پراسکیوشن کے پاس بانی پی ٹی آئی کے خلاف کوئی ثبوت بھی موجود نہیں۔انسداد دہشتگری عدالت نے دلائل سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد بانی مسلم لیگ (ن) کا دفتر جلانے، کنٹینر اور سرکاری گاڑیاں جلانے سمیت 9 مئی کے 4 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں منظور کرلیں۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے فیصلہ سنایا ۔ جس کے مطابق مسلم لیگ ن کا آفس جلانے اور کلمہ چوک پر کینٹیر جلانے سمیت دیگر مقدمات میں ضمانت منظور ہوئی، پراسیکیوشن کی جانب سے سید فرہاد علی شاہ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے دلائل مکمل کیے تھے۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے مزید 8 مقدمات میں درخواست ضمانتیں لاہور کی اے ٹی سی کورٹ نمبر ون میں زیر سماعت ہیں جن پر کارروائی 30 نومبر کو ہوگی۔