لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ کی ڈی جی نیب کو نارووال شکرگڑھ روڈ کی تعمیر کے معاملے کی چھان بین کرکے جامع رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے نارووال شکرگڑھ روڈ کی تعمیر نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت 29ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا جبکہ فاضل عدالت نے نیب کو روڈ کی تعمیر کے معاملے کی چھان بین کرکے رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت دے دی ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد قاسم خان نے درخواست پر سماعت کی ۔ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم سمیت دیگر اعلیٰ افسران عدالت میں پیش ہوئے ۔

چیف جسٹس محمد قاسم خان نے ڈی جی نیب سے استفسار کیا کہ آپ کے پاس اپنے ماتحت شعبوں میں ڈیزائنگ کا شعبہ ہے جو ایسے معاملے کی تفتیش کر سکے۔ جس پر ڈی جی نیب نے جواب دیا کہ ہم ایسے معاملات میں یو ای ٹی سے مشاورت کرتے ہیں ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر کے وقت مناسب ڈیزائن نہیں بنایاگیا جن لوگوں نے دانستہ ایسا کیا ان پر دبائو تھا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا اس وقت سڑک کی تعمیر مناسب تھی۔

چیف جسٹس محمد قاسم خان نے معاملے کی چھان بین کے لئے ڈی جی نیب کو چار ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے موقف اپنایا کہ روڈ کی تعمیر کرنا نیشنل ہائی وے کا کام ہے ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا تحفظ کرنا ہماری ذمہ داری ہے، سیکرٹری کمیونیکشن اینڈ ورکس تین روز اس روڈ پر سفر کرے تو ڈاکٹر بھی اس کو بیڈ ریسٹ کا مشورہ دے۔