لاہور ہائی کورٹ 16

لاہور ہائیکورٹ کا نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی جانب سے 6 صحافیوں کو نوٹسز پر حکم امتناع

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی جانب سے چھ صحافیوں کو جاری کئے گئے نوٹسز کے خلاف اہم فیصلہ سناتے ہوئے حکم امتناع جاری کر دیا۔

چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو 14اکتوبر کو طلب کر لیا، جن صحافیوں کو نوٹس ہوئے ہیں ان میں صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، صدر کورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن محمد اشفاق اور دیگر شامل ہیں۔چیف جسٹس نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی جانب سے جاری نوٹسز پر سوالات اٹھاتے ہوئے تفتیشی عمل کی شفافیت پر تشویش کا اظہار کیا، تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ یہ نوٹسز کس قانون کے تحت جاری کے گئے ہیں؟ این سی سی آئی اے نے یہ کیا تماشہ لگا رکھا ہے؟۔

سماعت کے موقع پر صحافیوں کی بڑی تعداد عدالت میں موجود تھی۔چیف جسٹس نے اس بات پر بھی سوالات اٹھائے کہ روزانہ یوٹیوبرز مختلف اداروں کی ہرزہ سرائی کرتے ہیں، کیا ان کے خلاف بھی یہی ایکشن لیا گیا؟ این سی سی آئی اے کے پاس 50 ہزار شکایات ہیں، کیا ان تمام پر اسی طرح کا ایکشن لیا گیا؟۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ کمپلینٹ کی کاپی اور تمام ریکارڈ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ یہ معاملہ مزید تفصیل سے زیر غور لایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں