لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ملازمین کو برطرف کرنے سے روک دیا، عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے جنید احمد سمیت دیگر ملازمین کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزاروں کی جانب سے ملک اختر جاوید ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور بتایا کہ درخواست گزار پہلے پراجیکٹ ملازمین تھے ، بعد میں ان کے پراجیکٹ میں توسیع کردی گئی ،درخواست گزار ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین تصور ہوتے ہیں ۔
ملک اختر جاوید ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ ہائیکورٹ نے اسی کیس میں ملازمین کو ریگولر کرنے کا پہلے بھی حکم دیا تھا ، عدالتی حکم کے باوجود عملدرآمد نہیں کیا گیا ، درخواستگزار ملازمین کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت ملازمین کو مستقل کرنے کے آرڈر پر عملدرآمد کا حکم دے ۔