لاہور ہائی کورٹ 52

لاہور ہائیکورٹ نے مقامی زمیندار کی غیر قانونی حراست میں مقید 8افراد کو بازیاب کروا کر گھر جانے کی اجازت دیدی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے ایک مقامی زمیندار کی غیر قانونی حراست میں مقید 8افراد کو بازیاب کروا کر گھر جانے کی اجازت دے دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے منڈی بہائوالدین کی رہائشی زاہدہ بی بی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو کو بتایا کہ گائوں ٹھٹھی مرید کے زمیندار نے 9افراد بشمول بچوں کو اپنے ڈیرے پر غیر قانونی مقید کررکھا ہے۔ عدالت نے تنویر حسین بیلف مقرر کرتے ہوئے تمام مقید افراد کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ بیلف تنویر حسین نے مقامی پولیس کے ہمراہ ذمیندار کے ڈیرہ سے 8مقید افراد کو بازیاب کیا۔

بیلف کی رپورٹ کے مطابق مقید افراد کی بازیابی کے دوران زمیندار اور دیگر افراد کی جانب سے شدید مزاہمت کا سامنا کرنا پڑا اور 12گھنٹے کی کوششوں کے بعد 8افراد کو بازیاب کروایا جاسکا جبکہ ایک مقید غلام نبی کو بازیاب نہ کروایا جاسکا۔ عدالتی حکم پر تمام افراد کو بازیاب کرکے عدالت پیش کیا گیا، عدالت نے تمام بازیاب افراد کو گھر جانے کی اجازت دے دی اور متعلقہ تھانہ ایس ایچ او کو تمام واقعہ کی چھان بین کرکے غلام نبی کو بھی بازیاب کروانے کا حکم جاری کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں