حسن رضا 306

لاہور کے ذہین نوجوان اور فنکارانہ صلاحیتوں سے بھرپور اداکار حسن رضا 65 منٹ اکیلے ہی “کنگ آف نتھنگ”کا کردار ادا کریں گے

لاہور (ر پورٹنگ آن لائن) “یک زبان کردار” سے مُراد ایک ہی کردار پر مشتمل مکمل ڈرامہ ہے جو قدیم وقتوں سے پیش کیا جاتا رہا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان خصوصاً لاہور میں ڈرامہ سازی کے سرداروں نے اسے عوام کے سامنے نہیں آنے دیا۔
ماس فاؤنڈیشن کی جانب سے انگریزی زبان سے آشنا لاہوریوں کیلئے ایک انتہائی فِکر انگیز موضوع پر یک زبان کردار کے سٹائل میں ایک ڈرامہ “کنگ آف نتھنگ” بدھ 22 دسمبر کو شام ساڑھے چھ بجے شاہراہِ قائد اعظم پر الحمراء ہال نمبر 2 میں پیش کیا جا رہا ہے۔
ماس فاؤنڈیشن کے صدر عامر نواز اس ڈرامہ کے مصنف اور ہدایتکار ہیں جبکہ لاہور کے ذہین نوجوان اور فنکارانہ صلاحیتوں سے بھرپور اداکار حسن رضا 65 منٹ اکیلے ہی “کنگ آف نتھنگ”کا کردار ادا کریں گے۔

احساس کے سفر کی یہ کہانی ایک ایسے شخص کی ہے جس کو بہت دیر بعد یہ احساس ہوا کہ زندگی کے مختلف مراحل میں مختلف رشتوں کو اُس نے اپنی زہریلی مردانگی کے باعث کھو دیا۔مردوں کو اس تحریر میں انتباہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے پرانے وطیرے کو خیر باد کہہ دیں۔ اب وقت آ گیا ہےکہ وہ صنفی زبان کا استعمال بند کر دیں جو مرد کے جسم کو طاقت سے اور خواتین کے جسم کو کمزوری سے ہم آہنگ کرتی ہے۔یہ وہ بادشاہ ہے جو سٹیج پر اپنی زندگی کی یادداشتوں سے حاضرین کو فنکارانہ انداز میں آگاہ کرے گا۔اس کی محبت، بزدلی، تنہائی، حماقت اور خود غرضی کی یادیں۔ان یادوں کے ذریعے اس نے اپنی زندگی (اپنی بیوی) کیسے گنوائی۔ وہ اپنی دلچسپ ازدواجی زندگی کے مختلف واقعات شیئر کرنا شروع کر دیتا ہے اور حاضرین کو بتاتا ہے کہ وقت گزرنے کے بعد اسے احساس ہوتا ہے کہ اس نے سب کچھ کھو دیا ہے، یہی نقصان اسے بادشاہ بنا رہا ہے. “کچھ نہیں کا بادشاہ”۔

بادشاہ کی گفتگو کا مرکزی نکتہ ہر ایک کے لیے یاد رکھنے والی چیز ہے اور وہ ہے “میں اب شادی شدہ نہیں ہوں کیونکہ میں بولنا جانتا ہوں”۔ یہ پرفارمنس سامعین کو اس سطح پر لے جائے گی جہاں وہ اپنے اندر ایک “کنگ آف نتھنگ” کو تلاش کرنا شروع کر دیں گے۔
ماس فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ پرفارمنس نومبر 2019ء میں ترکمانستان کی ثقافتی وزارت کے زیرِ اہتمام اشک آباد، ترکمانستان میں منعقدہ تیسرے بین الاقوامی تھیٹر فیسٹیول میں پیش کی گئی تھی اور اسے بین الاقوامی سامعین کی جانب سے بہت داد ملی تھی۔

پرفارمنس کی کوریوگرافی گلشن مجید نے کی ہے جبکہ میوزک عمران نواز نے ڈیزائن کیا ہے۔ تھیم سانگ جرمنی کے معروف میوزک کمپوزر جیمز ڈگلس نے ڈیزائن اور کمپوز کیا تھا۔ ڈرامہ سوشل میڈیا کے ساتھ الحمرا اور ماس فاؤنڈیشن کے دفاتر میں مفت دستیاب دعوتی کارڈز پر دکھایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں