رپورٹنگ آن لائن۔۔
پنجاب میں لائسنس کے بغیر شوگر ملوں سے الکوحل خریدے جانے اور قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
ملک فیصل ریاض نامی شخص نے صوبائی سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اس نے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے F.F CHEMICALS کے نام سے میتھیلٹیڈ سپرٹ کا لائسنس حاصل کر رکھا ہے۔ اور شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے طلحہ اور عبدالواحد نامی شخص درخواست گزار کے لائسنس کی بنیاد پر جعلی اور بوگس کاغذات تیار کرکے الکوحل فروخت کرتے ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق متذکرہ افراد نے اس کے لائسنس کی بنیاد پر پرنسٹن کیمیکل وہاڑی کا جعلی گیٹ پاس بنوایا اور قومی خزانے کو ٹیکس، ڈیوٹی اور فیس کی مد میں بھاری نقصان پہنچایا۔

درخواست گزار کے مطابق طلحہ نامی شخص خود کو پرنسٹن کیمیکل کا مالک ظاہر کرتا ہے حالانکہ اس کا لائسنس شیخوپورہ سے تھا جو خلاف ورزیوں کی وجہ سے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کینسل کرچکا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق طلحہ نامی شخص کے خلاف ڈیوٹی چوری، اور غیر قانونی شراب کی فروخت کے الزامات ہے تحت لاہور کے تھانہ مصطفی آباد، تھانہ چوہنگ، تھانہ اسلامپورہ، شیخوپورہ کے تھانہ شرقپور شریف اور رحیم یارخان کے تھانہ کوٹ سبزل میں مقدمات درج ہوچکے ہیں۔
درخواست گزار نے صوبائی سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب سے استدعا کی ہے کہ الزام علیہان کے خلاف انکوائری کی جائے اور جعلی لائسنس اور بوگس دستاویزات بنانے، غیر قانونی الکوحل فروخت کرنے اور ٹیکس چوری کے الزامات کی چھان بین کہ جائے۔









