اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار انتہائی اہم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے فورس کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ وارانہ تربیت کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیرون ملک سے آئے سٹیٹ گیسٹ کے لیے سپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کی تربیتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا، انہوں نے اہلکاروں کی جدید خطوط پر تربیت کے معیار کو بھی سراہا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن ونگ کو ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر جدید و منظم فورس بنایا جا رہا ہے، غیر ملکی مہمانوں کو بین الاقوامی معیار کی سکیورٹی فراہم کرنا سپیشل پروٹیکشن ونگ کی ذمہ داری ہو گی جبکہ سپیشل پروٹیکشن ونگ کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اہلکاروں کی غیر ملکی انسٹرکٹر سے ٹریننگ کا بھی انتظام کیا گیا ہے اور بیرون ملک بھی بھیجا جائے گا، تعلیمی قابلیت بڑھانے کے ساتھ اہلکاروں کو بین الاقومی زبانیں بھی سیکھائی جا رہی ہیں، ملک بھر میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار انتہائی اہم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فیڈرل کانسٹیبلری کو ایک فعال فورس میں ڈھالا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تمام اہلکاروں کو فزیکل فٹنس،جدید اسلحہ کی تربیت اور ڈرائیونگ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کی جدید اینٹی رائٹ آلات خریدنے ، بیرکس میں ضروری سہولیات فراہمی اور سینٹر میں جم اور سوئمنگ پول کی تعمیر بھی شروع کی جانے کی بھی ہدایت کی۔









