لاہور (رپورٹنگ آن لائن) ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جو 19 اپریل تک جاری رہے گی۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر (این ای او سی) کے مطابق پولیو مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ قومی پولیو مہم کے دوران تقریباً 4 لاکھ 13 ہزار پولیو ورکرز اپنے فرائض انجام دیں گے،تاہم پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ سندھ میں 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ بلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد اور اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی پولیو کے قطرے پلوا کر اس موذی مرض کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔









