اسدعمر

قومی اقتصادی کونسل میں ایس ڈی جیز رپورٹ آئندہ ماہ کے آخر میں پیش کی جائے گی، اسدعمر

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت معاشرے کے انتہائی کمزور اور پسماندہ طبقوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، قومی اقتصادی کونسل میں ایس ڈی جیز رپورٹ آئندہ ماہ کے آخر میں پیش کی جائے گی کہ ہم نے 2030 کے سنگ میل کو پورا کرنے کے لیے کیا پیش رفت کی ہے اور اس 2030 تک پہنچنے کے لیے ہم نے اگلے تین سالوں کے لیے کیا اہداف مقرر کیے ہیں اور ان تمام کو حاصل کرنے کے لیے مجوزہ فریم ورک کیا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں غربت، بیروزگاری، صحت، تعلیم اور ماحولیات پر ایس ڈی جیز (پائیدار ترقی کے اہداف)کے اہم اہداف کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ، سیکرٹری پلاننگ کمیشن، چیف شماریات، چیف ایس ڈی جیز کے ساتھ این سی ڈی کے ذیلی کمیٹی کے اراکین صوبوں، اے جے کے، اور جی بی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیلنجز، اور مجوزہ فیصلے پیش کئے۔ انہوں نے پچھلی میٹنگ کے فیصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال بھی پیش کی جس کے بعدایس ڈی جیز، وی این آر سٹیٹس رپورٹ، ڈیٹا رولز برائے نیشنل رپورٹنگ، اور سٹیک ہولڈرز جیسے کہ نجی شعبے، سول سوسائٹی، اکیڈیمیا، تھنک ٹینکس اور میڈیا کے لیے مجوزہ فورمز پیش ہوئے۔ سیکرٹری پلاننگ کمیشن نے آئندہ این ای سی میں پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اسد عمر نے کہا کہ ایس ڈی جیز سٹیٹس رپورٹ پہلی رپورٹ ہے جسے این ای سی فورم میں پیش کیا جانا چاہیے۔ ایس ڈی جیز اشاریوں میں بہتری سے بجٹ کی تیاری میں مدد ملے گی۔