حافظ نعیم الرحمن

قوم امریکی غلامی تسلیم نہیں کریگی ،حکومت 2ریاستی حل کی رٹ چھوڑ دے،حافظ نعیم

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی رَٹ لگانا چھوڑ دے ، قوم اسرائیل کو تسلیم کرنے یا ابراہم اکارڈ کی جانب پیش قدمی کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دے گی۔

حماس نے ٹرمپ منصوبہ پر مشروط آمادگی کا اظہار کرکے دانشمندی کا ثبوت دیا، حماس مزاحمت کا استعارہ، اس کے مخالف سامراج کے آلہ کار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں وحدت روڈ پر غزہ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، ڈاکٹر حمیرا طارق، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا.

عثمان فاروق، شکیل ترابی، حلقہ خواتین اور اسلامی جمعیت طلبہ کی قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ملک کا حکمران طبقہ اور اسٹیبلشمنٹ ٹرمپ کی آشیرباد چاہتا ہے ، یہ اپنی باریوں کے انتظار میں ہیں ،مسٹر پرائم منسٹر آپ غلط ٹریک پر چل رہے ہیں ،اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ طاقت کے زور پر اسرائیل کو تسلیم کروا لے گا تو جان لے کہ پاکستانی قوم بندوق کی طاقت کا جواب ایمانی طاقت سے دے گی۔

حکمران اپنی مراعات کم کریں اور عوام کے ساتھ کھڑے ہوجائیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ انہوں نے شہباز شریف پر واضح کیا ہے کہ مسئلہ فلسطین پر حکومت کو قومی اور اصولی موقف اپناناچاہیے ،اسرائیل ایک قابض ریاست ہے اور پاکستان اس کے وجود کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا ،گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، حکومت سینیٹر مشتاق سمیت تمام گرفتار امدادی کارکنوں کی رہائی کیلئے فوری کوششیں کرے ۔

امیرجماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ اتوار 5اکتوبرکو(آج)کراچی میں اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ملین مارچ ہوگا ،قوم 7اکتوبر کو گیارہ بجے دن گھروں سے نکل کر فری فلسطین تحریک کے حق میں آواز بلند کرے ،21 ،22، 23 نومبر کو مینار پاکستان تلے ہونے والا اجتماع عام ملک، سیاست اور نظام میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ۔