وزیر اعلیٰ سندھ 191

قانون سازی پارلیمنٹ سے ہونی چاہیے،وزیر اعلیٰ سندھ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قانون سازی پارلیمنٹ سے ہونی چاہیے، اپنی مرضی کے قانون آرڈیننس کے ذریعے لائے جاتے ہیں، آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کہیں نظر نہیں آ رہی،الیکشن میں لوگ سب باتوں کا حساب کتاب لیں گے۔

نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر قانون سازی کرنی ہے تو عوام کے لئے کریں، مجھے اور عوام کو پی ٹی آئی اگلے الیکشن میں کہیں نظر نہیں آرہی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جو پیمانے دوسروں کے لئے رکھتے ہیں اپنے لئے بھی وہی رکھیں، جن وزراء کے نام آف شور میں آئے ہیں انہیں کابینہ سے الگ کریں، جن کے نام پنڈورا میں آئے ہیں انہیں عہدے چھوڑنا چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ آرڈیننس سے شارٹ ٹرم فائدہ ہوسکتا ہے، پی ٹی آئی کو خیال کرنا چائیے وہ سیاسی جماعت ہے، الیکشن میں لوگ سب باتوں کا حساب کتاب لیں گے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ عمران خان نے 2016 میں آف شور اکائونٹ رکھنے والوں کو چور کہا تھا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سے سوال کیا گیا کہ کابینہ منظوری والے منصوبوں پر نیب کا اختیار ختم ہوگیا، آپ ریلیف اپلائی کریں گے یا اپوزیشن کے ساتھ مل کر اسے چیلنج کریں گے ؟ اس پر جواب دیتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہاکہ ابھی مجھے فائنل ڈرافٹ ملا نہیں تین مختلف ڈرافٹ چل رہے ہیں، پارلیمنٹ کو ایسے معاملے پر بائی پاس نہیں کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں