وزیر داخلہ

قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے اور راستے کھلوانے کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں، وزیر داخلہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے اور راستے کھلوانے کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں، جہاں حالات خراب ہوں گے وہاں چوبیس گھنٹے کے لئے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند ہو گی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور،چیف کمشنر،آئی جی اسلام آباد نے شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے ویڈیو لنک کے زریعے شرکت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے اور راستے کھلوانے کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جہاں حالات خراب ہوں گے وہاں چوبیس گھنٹے کے لئے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند ہو گی۔