اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)قائم مقام صدرِ سید یوسف رضا گیلانی سے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حماد علی منصور نے جمعرات کو یہاں ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ایوان صدر کے میڈیا وِنگ کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے انجینئرنگ شعبے کی ترقی کے لئے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے فعال کردار کو سراہا اور ماحولیاتی خدشات کے پیشِ نظر الیکٹرک گاڑیوں کی جانب منتقلی کی اہمیت اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ ایک پاکستانی برانڈ کے تحت مقامی طور پر تیار کردہ میڈ اِن پاکستان گاڑی اور سستی الیکٹرک بائیکس متعارف کرائی جائیں تاکہ عوام کو کم لاگت اور سہل سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور مقامی صنعت کو فروغ دیا جاسکے۔ قائم مقام صدر نے انجینئرنگ شعبے کو معاشی ترقی اور صنعتی پیشرفت کا ایک اہم محرک قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل سرکاری سرپرستی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قبل ازیں حماد علی منصور نے قائم مقام صدر کو انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے کردار اور مینڈیٹ سے آگاہ کیا جو وزارتِ صنعت و پیداوار کے تحت ایک اعلیٰ ادارہ ہے جسے 1995 میں پاکستان کے انجینئرنگ سیکٹر کو مضبوط بنانے کے لئے قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے صنعتی ترقی کے فروغ، برآمدات میں اضافہ، تحقیق و ترقی کی معاونت، تکنیکی مہارتوں میں بہتری اور شعبے کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ای ڈی بی کے اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔
سی ای او نے قائم مقام صدر کو جاری پالیسی اقدامات سے بھی آگاہ کیا جن میں طویل المدتی سٹریٹجک منصوبہ بندی، ٹیرف میں اصلاحات، صنعتی ترقی کے فریم ورک، آٹوموبائل اور الیکٹرک وہیکل پالیسی سمیت انجینئرنگ صنعت میں جدت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور انسانی وسائل کی ترقی کو فروغ دینے کی کوششیں شامل ہیں۔









