یوسف رضا گیلانی 69

قائم مقام صدرسید یوسف رضا گیلانی سے تاجروں، سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور کاروباری شعبے سے وابستہ ملک کی معروف شخصیات کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)قائم مقام صدرسید یوسف رضا گیلانی سے تاجروں، سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور کاروباری شعبے سے وابستہ ملک کی معروف شخصیات کے ایک وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ جمعہ کو ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، تجارت، سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور مختلف صنعتی شعبوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں احسن بھٹی، ہارون ناصر، عمر حسین، اویس خٹک، حاتم طبانی، شاہد خان، شعیب ظفر، عامر اقبال، حمزہ رحمان، عثمان شوکت، نجم سحر اور دیگر شامل تھے۔ وفد کے اراکین نے قائم مقام صدرکو پاکستان میں تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے شعبوں کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں۔ ملاقات کے دوران کنسٹرکشن سیکٹر، گھریلو اور کمرشل عمارتوں میں استعمال ہونے والے جدید انرجی کنٹرول شیشوں، رئیل سٹیٹ سیکٹر اور صحت کے شعبے سے متعلق امور پر بھی قائم مقام صدر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفد نے ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور پائیدار ترقی کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تاجر، سرمایہ کار اور صنعت کار ملکی معیشت کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ ان شعبوں کی ترقی سے نہ صرف قومی معیشت مستحکم ہوتی ہے بلکہ روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں جو ملک کی مجموعی خوشحالی کے لئے انتہائی اہم ہیں۔

قائم مقام صدر نے تاجروں اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں تاکہ معیشت مضبوط ہو اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔قائم مقام صدر نے کہا کہ حکومت ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے اور قومی ترقی کے لئے نجی شعبے کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔ قائم مقام صدرمملکت نے وفد کی تجاویز کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں