اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام سے وعدے پورے کرسکی، نہ وفاقی اکائیوں سے پی ٹی آئی نے تین سال میں صرف ایک کام کیا ہے کہ بجلی کے شعبے کا سارا ملبہ اور بوجھ عوام کے سر ڈال دیا ہے،
تفصیلات کے مطابق گردشی قرض میں ہوشربا اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ تین سال میں عوام کے ساتھ ملک پر بھی مالیاتی بوجھ بڑھتا جارہا ہے، یہ کیسی مینجمنٹ ہے؟بجلی کی قیمت بڑھ گئی، سبسڈیز میں کٹوتی ہوگئی، پھر بھی گردشی قرض بڑھ گیا؟
چوری اور نااہلی اور کیا ہوتی ہے؟ عوام کو بجلی کی قیمت بھی زیادہ ادا کرنا پڑی اور گردشی قرض بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے وزارت توانائی کی رپورٹ پی ٹی آئی حکومت کے تین سال کی کارکردگی کے خلاف چارج شیٹ اور چشم کشا ہے، تین سال میں گردشی قرض دوگنے سے زیادہ ہو کر 2.5کھرب ہوگیا ہے، پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے پر یہ قرض تقریبا 1کھرب تھا،بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرکے بھی گردشی قرض دوگنا ہونا نا نااہلی کی انتہانہیں تو اور کیا ہے؟
بجلی کی ترسیل میں نقصانات، بجلی کے بلوں کی وصولیوں سمیت توانائی کے شعبے کا ہر پہلو افسوسناک ہے، انہوں نے کہا کہ دسمبر 2020تک گردشی قرض صفر کرنے کے پی ٹی آئی کے دعوے بھی تین سال میں منہ کے بل گر چکے ہیں جون 2018کے مقابلے میں گردشی قرض کے حجم میں بے تحاشا اور انتہائی تیزی سے اضافہ ہوا عوام پہ 500ارب روپےسے زیادہ کا اضافی بوجھ ڈالنے کے باوجود گردشی قرض مزید بڑھ گیا
پی ٹی آئی نے پہلے سال 464ارب، دوسرے سال 538 ارب اور تیسرے سال میں 130ارب اضافہ کیا جب گیس کی جگہ ڈیزل اور فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنے گی تو پھر گردشی قرض تو بڑھے گا پی ٹی آئی حکومت نے آزادجموں وکشمیر کو 27ارب سبسڈی بھی نہیں دی پی ٹی آئی حکومت عوام سے وعدے پورے کرسکی، نہ وفاقی اکائیوں سے پی ٹی آئی نے تین سال میں صرف ایک کام کیا ہے کہ بجلی کے شعبے کا سارا ملبہ اور بوجھ عوام کے سر ڈال دیا ہے۔