ارجنٹائن(رپورٹنگ آن لائن) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے کہا ہے کہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد کوچ بننے کے بجائے کسی کلب کی ملکیت حاصل کرنا زیادہ پسند کروں گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیونل میسی نے کہا کہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کوچ بننے کے بجائے کسی کلب کی ملکیت حاصل کرنا زیادہ پسند کریں گے، انہوں نے کہا کہ وہ خود کو کوچ کے کردار میں نہیں دیکھتے بلکہ کلب مینجمنٹ اور اسے ترقی دینے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
میسی نے کہا کہ اگر انہیں مختلف آپشنز میں سے انتخاب کرنا پڑا تو وہ کلب اونر بننا پسند کریں گے،وہ اپنا کلب بنانا چاہتے ہیں، جسے نچلی سطح سے شروع کر کے آگے بڑھایا جائے اور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع دیے جائیں تاکہ وہ ایک مضبوط اور اہم کلب کی شکل اختیار کر سکے۔واضح رہے کہ میسی نے اکتوبر میں امریکی کلب انٹر میامی کے ساتھ 3 سالہ معاہدے میں توسیع کی تھی جس کے تحت وہ 2028 کے سیزن تک کلب کے ساتھ منسلک رہیں گے۔
اس معاہدے میں مستقبل میں انٹر میامی میں اقلیتی شیئر ہولڈنگ کا آپشن بھی شامل ہے۔میسی پہلے ہی یوراگوئے کے فورتھ ڈویژن کلب ڈیپورٹیوو ایل ایس ایم کے شریک مالک ہیں، جو ان کے قریبی دوست اور انٹر میامی کے ساتھی کھلاڑی لوئس سواریز کے ساتھ مل کر قائم کیا گیا ہے، اس کلب کا آغاز 2018 میں ہوا تھا اور اس وقت اس کے ممبرز کی تعداد 3 ہزار سے زائد بتائی جاتی ہے،
فٹبال میدان میں بھی میسی کی کارکردگی اپنی مثال آپ ہے، انہوں نے رواں سیزن میں ایم ایل ایس گولڈن بوٹ جیتی، 29 گول اسکور کیے اور 19 اسسٹ فراہم کیں۔ اس طرح ان کے مجموعی گول کنٹری بیوشنز 48 رہے، جو لیگ ریکارڈ سے صرف ایک کم تھے۔









