وزیراعظم 171

فوج سرحدوں کی، پولیس اندرون ملک شہریوں کی محافظ ہوتی ہے،وزیراعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فوج سرحدوں کی اور پولیس اندرون ملک شہریوں کی محافظ ہوتی ہے، جب تک جان و مال کی حفاظت نہیں ہوتی قوم ترقی نہیں کرتی ، امن و امان قائم ہونے تک معاشرے میں خوشحالی نہیں آتی، پولیس کا آج تک وہ مقام نہیں بنا جس کے وہ مستحق ہیں، میں چاہتا ہوں قوم پولیس کو پسند کرے ، پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں پولیس کو تبدیل کیا، کئی بار آسان راستہ تباہی کا راستہ ہوتا ہے، سمجھتا ہوں پولیس کو ملنے والی تنخواہ کافی نہیں۔

اسلام آباد پولیس لائنز میں پاسنگ آوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے پولیس میں پاس آوٹ ہونے والے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ میں اس لیے یہاں خاص طور پر یہاں آیا ہوں کہ پاکستان کی پولیس کو ایک پیغام دوں کہ جب تک ایک قوم کی جان اور مال کی حفاظت نہیں ہوتی، وہ قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جو سرحدوں پر پاکستان کے جان و مال کی ھفاظت کرتی ہے، وہ پاکستان کی فوج ہے اور جو ملک کے اندر سیکیورٹی دیتی ہے اور شہر میں سرمایہ کار، کاروباری شخص اور شہری کی حفاظت پولیس کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ دنیا کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں کہ جب تک قانون کی عملداری نہیں ہوتی اور لوگوں کے لیے سیکیورٹی نہیں ہوتی، اس وقت تک قوم کی خوشحالی نہیں آتی، اس لیے پولیس کا معاشرے میں انتہائی اہم مقام ہوتا ہے لیکن مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں پولیس کا وہ مقام نہیں ہوا جس کے پیچھے ایک تاریخ ہے۔ عمران خان نے کہا کہ غلامی کے دور میں انگریز کی پولیس تھی تو انگریز پولیس سے غلط حرکتیں کراتا تھا، لوگوں کو دباتا تھا، حقوق سلب کرتا تھا، پولیس سے لوگوں کو خوف تھا لیکن اسی انگریز کے اپنے ملک میں پولیس ایسی نہیں تھی بلکہ ان کے اپنے ملک میں پولیس شہریوں کی دیکھ بھال کرتی تھی اور شہری ان کو اپنا سمجھتے تھے لیکن کیونکہ انہوں نے ہمیں غلام بنایا ہوا تھا اور وہ حکومت کرتا تھا تو یہاں پولیس کا رویہ مختلف تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ قوم ہماری پولیس کو پسند کرے، اپنا سمجھے، ان سے پیار کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب 2013 میں پختونخوا میں ہماری حکومت آئی تو سب سے زیادہ دہشت گردی پختونخوا پولیس کے خلاف تھی، 500 سے اوپر پولیس اہلکار شہید ہو چکے تھے اور پولیس کا مورال نیچے گرچکا تھا لیکن وہاں کی پولیس ہمارے دیکھتے دیکھتے جس طرح تبدیل ہوئی، جس طرح سے انہوں نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور پھر ایسا وقت آیا کہ پشاور اور مردان کے شہریوں نے پولیس کی حمایت میں جلوس نکالے اور مجھے فخر ہوا کہ اپنی آنکھوں کے سامنے اس پولیس کو بدلتے دیکھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ آپ کو جو تنخواہ ملتی ہے وہ کافی نہیں ہے بلکہ ہمارے اکثر تنخواہ دار طبقے کو جو تنخواہ ملتی ہے وہ کافی نہیں ہے کیونکہ کئی سالوں سے مہنگائی بڑھتی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سیاستدان جن کو اللہ نے موقع دیا اور ملک کا سربراہ بنا دیا، ان کے سامنے بھی صحیح اور غلط کے راستے تھے، وہ حلال کی کمائی بھی کر سکتے تھے لیکن جس راستے پر وہ نکل گئے، آپ کے سامنے آج وہ عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں، ان کو خود نہیں پتہ ان کے پاس کتنا پیسہ ہے لیکن کبھی ہسپتالوں جارہے ہیں، کبھی ملک سے باہر جا رہے ہیں، کبھی بچے باہر جا رہے ہیں، بچوں کو باپ کی چوری کو بچانے کے لیے جھوٹ بولنا پڑرہا ہے، ایسے پیسے کا کیا فائدہ، یہ پیسہ اللہ کا عذاب ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں