فواد چوہدری اور فرخ حبیب

فواد چوہدری اور فرخ حبیب سے سی پی این ای وفد کی ملاقات،حکومت کی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کا خیرمقدم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب سے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) کے وفد نے ملاقات کی اور حکومت کی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سی پی این ای کی موجودہ ممبر پبلی کیشنز کو ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کے تحت بائی ڈیفالٹ رجسٹرڈ ہونا چاہئے۔

وفد کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سی پی این ای کے ممبر پبلی کیشنز نئی ڈیجیٹل پالیسی کے تحت بائی ڈیفالٹ رجسٹرڈ ہوں گے، میڈیا کا کوئی ادارہ ٹرانسفارمیشن کی طرف جانا چاہے تو اس کی بھرپور معاونت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے افسران اور میڈیا اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دیں گے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے سی پی این ای کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریجنل پریس مضبوط ہونے کا فائدہ پاکستان کو ہوگا، علاقائی اخبارات کو مضبوط کرنے میں بھرپور مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد علاقائی اخبارات صوبائی سبجیکٹ ہے، وفاق سے پیسہ صوبوں کو منتقل ہوتا ہے، ریجنل اخبارات کو جو سہولیات ملنا چاہئیں وہ نہیں مل رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات کو ڈیجیٹل کرنے کے لئے 10 لاکھ روپے تک قرض کی سہولت دیں گے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اخبارات کی ڈیجیٹلائزیشن میں تعاون کرے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خبریں پھیلانے کی ٹیکنالوجی بڑھنے کے ساتھ ساتھ علاقائی میڈیا کی اہمیت میں بھی اضافہ ہوا ہے، علاقائی میڈیا مقامی مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2018میں جب وہ پہلی بار وزیر اطلاعات بنے تو اس وقت اشتہارات کو ڈیجیٹلائز کرنے کے کام کا آغاز کیا، اشتہارات کے نظام میں شفافیت کو ممکن بنایا، پریس انفار میشن ڈیپارٹمنٹ کو پیپر لیس کرنے کا کام شروع کر دیا ہے، جلد پی آئی ڈی کو پیپر لیس کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت اشتہارات کا مکمل نظام پیپر لیس ہے، تمام اشتہارت کو ڈیجیٹلائز کر دیا ہے، ریلیز آرڈر میں تاخیر جیسے مسائل بھی حل کر دیئے گئے ہیں، پی آئی ڈی کو اے جی پی آر سے براہ راست منسلک کرنے سے ادائیگیوں میں مزید آسانیاں پیدا ہوں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپریل 2020کے بعد سے اشتہارات کی مد میں ادائیگیاں تاخیر کا شکار نہیں ہوئیں، 2018کے بعد سے تمام ادائیگیاں کر دی گئی ہیں، کلائنٹس کی ادائیگیوں کے حوالے سے کچھ مسائل موجود ہیں، ان پر اپنے کلائنٹس سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021منظور کروایا، ہماری حکومت ورکنگ جرنلسٹس کے پیچھے کھڑی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ سی پی این ای پورے ملک کے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ہے، صوبوں کے اندر ڈی جی پی آرز کام کر رہے ہیں، صوبوں میں بھی اشتہارات کی ادائیگیوں کے لئے 85/15 کا فارمولہ لاگو کرنے کے حوالے سے بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی سے شفافیت کو فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے سی پی این ای کے وفد کے مسائل توجہ سے سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد بھی پیش کی۔