ممبئی(رپورٹنگ آن لائن) بالی وڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے فلم ‘ایمرجنسی’ کی ریلیز میں تاخیر کے درمیان باندرہ میں قائم اپنا عالی شان گھر فروخت کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گھر کی فروخت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کنگنا رناوت کی متنازع فلم ‘ایمرجنسی’ کو سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (CBFC) کی جانب سے اب تک ریلیز کی اجازت نہیں ملی۔
کنگنا رناوت نے اپارٹمنٹ 32 کروڑ روپے میں فروخت کیا جبکہ ڈیل کو حتمی شکل 5 ستمبر 2024 کو دی گئی تھی۔ یاد رہے کہ اداکارہ نے 2017 میں یہ گھر 20 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔3,075 مربع فٹ پر تعمیر گھر میں 565 مربع فٹ کی پارکنگ کی جگہ بھی موجود ہے۔
اس کے خریدا شویتا بتھیجا تمل ناڈو کے کوئمبٹور میں واقع کمپنی کملینی ہولڈنگز کی پارٹنر ہیں۔شویتا بتھیجا نے 1.92 کروڑ روپے سٹیمپ ڈیوٹی اور 30,000 روپے رجسٹریشن فیس ادا کی۔
کنگنا رناوت کا یہ گھر اْس وقت موضوع بحث بنا تھا جب 2020 میں برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے اس کا غیر قانونی حصہ منہدم کر دیا تھا۔اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ شیو سینا کی مہاراشٹر حکومت نے سیاسی انتقام لینے کیلیے گھر کا ایک حصہ توڑ دیا۔
بالی وڈ اداکارہ اس وقت فلم ‘ایمرجنسی’ کی تیاری میں مصروف ہیں جسے 6 ستمبر کو سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کیا جانا تھا لیکن اس میں سکھوں کے خلاف مواد ہونے کے سبب سینسر بورڈ نے اجازت نہیں دی۔