لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) سینئر اداکار اسلم شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن سینئرز سے رہنمائی لئے بغیر کامیابی کی بیل منڈھے نہیں چڑھتی
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ نوجوان ڈائریکٹر زجو ٹی وی پر کام کرتے رہے ہیں انہوں نے بھی بطور فلمی ڈائریکٹر فلمیں بنانا شروع کی ہیں جو اچھی بات ہے مگر فلم میں بھی ٹی وی ڈرامے کی جھلک نظر آتی ہے اس لیے میرا ایسے تمام نوجوان ڈائریکٹرزکو مشورہ ہے کہ وہ پہلے اپنے سینئرز سے اس حوالے سے ضرور رہنمائی حاصل کریں تاکہ فلم بینوں کو فلم دیکھتے ہوئے یہ احساس ہو کہ واقعی فلم دیکھ رہے ہیں نہ کہ ٹی وی کا کوئی لانگ پلے چل رہا ہے ۔
اسلم شیخ نے کہا کہ میرا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں صرف اصلاح کے پہلو سے یہ باتیں کر رہا ہوں تاکہ نوجوان ہدایتکاروں کو فلم اور ٹی وی ڈائریکشن کے بارے میں فرق معلوم ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جن سینئر فنکاروں کو پرائیڈ آف پرفارمنس دیتی ہے انہیں زندگی گزارنے کے لئے کچھ مراعات بھی دینی چاہیے تاکہ فنکاروں کو احساس ہو سکے کہ حکومت نے ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا ہے ، صرف ایک میڈل دینے سے کسی کے گھر کا خرچہ پورا نہیں ہوتا ۔