عبداللہ دوم 69

فلسطینیوں کی نقل مکانی علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہے، شاہ اردن کا انتباہ

عمان ( رپورٹنگ آن لائن)اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی نقل مکانی علاقائی استحکام کے لیے خطرہ ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق شاہ عبد اللہ دوم نے یہ بات جمعرات کو برلن میں سبکدوش ہونے والے جرمن چانسلر اولاف شولز کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے دوران کی۔ بات چیت میں مختلف شعبوں میں اردن اور جرمنی کے درمیان مضبوط شراکت داری کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

برلن میں جرمن چانسلر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اردنی بادشاہ نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت پر زور دیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی المیے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے جنگ بندی کو بحال کرنے اور غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کو دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت کی بھی نشاندہی کی۔ملاقات میں مغربی کنارے میں خطرناک کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ عبداللہ نے زور دیا کہ القدس میں اسلامی اور عیسائی مقدس مقامات پر حملے کشیدگی کو بڑھا رہے اور امن کے امکانات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ خطے میں امن کا واحد راستہ دو ریاستی حل ہے جو تمام فریقوں کے لیے سلامتی اور امن کی ضمانت دیتا ہے۔

اردن کے بادشاہ نے شام کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کی کوششوں کی حمایت کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ شام کا استحکام پورے خطے کے استحکام کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے شامی پناہ گزینوں کو بنیادی خدمات فراہم کرنے میں اردن کی مسلسل حمایت پر جرمنی کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں