جنگ 71

فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف لندن میں مظاہرہ

لندن ( رپورٹنگ آن لائن)جنگ مخالف تنظیموں کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف لندن میں ایک بڑا مظاہرہ کیا گیا۔

جنگ مخالف تنظیموں کے زیراہتمام وسطی لندن میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور حماس کی جنگ بندی کے باوجود اسرائیل اب بھی بلا خوف غزہ میں روزانہ حملے کرکے فلسطینیوں کوشہید کر رہا ہے لیکن اس کے باوجود دنیا خاموشی سے تماشا دیکھ رہی ہے۔مظاہرے میں بارش اور سخت سردی کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی، اسرائیلی جارحیت کے بعد ہونے والے مظاہروں ہر طرح کے موسم کے دوران شرکا کی تعداد میں کوئی فرق نہیں پڑا۔

اس موقع پر مظاہرے کا آغاز ہائیڈ پارک کارنر سے ہوا اور شرکا مختلف شاہراہوں سے ہوتے وائیٹ ہال پہنچے، مظاہرے کے شرکا تمام راستے اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے بلند کرتے رہے۔مظاہرے میں شریک مختلف جنگ مخالف تنظیموں کے رہنماوں کے علاوہ شرکا کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کا سلسلہ بند کرے اور اپنا غیر قانونی تسلط ختم کرے۔انہوں نے برطانیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت بند کرے۔

شرکا نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے خوراک کو بطور ہتھیار استعمال کرنا انتہائی افسوناک ہے، غزہ میں لوگ روزانہ بمباری کے علاوہ بھوک سے بھی ہلاک ہو رہے ہیں، اسرائیل فوری طور پر خوراک اور ضروریات زندگی کی اشیا غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دے۔غزہ کی ہیلتھ منسٹری کے مطابق نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو دو برس سے زائد کا عرصہ بیت گیا جس کے دوران 70 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں