حماس کی تردید 126

فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے پر پیش رفت، حماس کی تردید

قاہرہ(ر پورٹنگ آن لائن)فلسطینی تنظیم تحریک حماس کے ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل اور غزہ کے دھڑوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ حماس کے رہ نما اسرائیل کے ساتھ تبادلے کا معاہدہ مکمل کرنے کے لیے قاہرہ پہنچ گئے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور غزہ میں فلسطینی دھڑوں کے درمیان جنگ بندی قائم رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اس کے برعکس حماس کے دیگر ذرائع نے ان رپورٹس کی صداقت کی تردید کی اور کہا کہ اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کے معاہدے کی تکمیل ابھی نہیں ہوئی ہے۔حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اعلان کیا تھا کہ تحریک کا وفد اسماعیل ہنیہ کی سربراہی میں مصرکے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور فلسطینیوں کے مفادات کے لیے ان کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے قاہرہ پہنچا۔

ایک بیان میں حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات میں انسانی صورت حال کو بہتر بنانے ، غزہ کی پٹی پراسرائیلی محاصرے کو کم کرنے اور تعمیر نو سے متعلق امور پر بات چیت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے غزہ کے محاصرے کو کم کرنے کے اقدامات میں مصری کردار کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے معاملے پرہمیشہ بات کی جاتی ہے اور اس سلسلے میں آنے والے کئی وفود کی طرف سے ہمیشہ خیالات پیش کیے جاتے ہیں اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے سے متعلق کیسز کو زیربحث لایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے مصر کا کردار اہمیت کا حامل رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں