لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست کا محور صرف اپنی ذات ہے،انہوں نے قومی اداروں کے خلاف اعلان جنگ کیاہے، میرا نواز شریف سے سوال ہے کہ کیا راحیل شریف کی خدمات کو سہراتے ہوئے ان کوخط نہیں لکھاتھا ، کیا 4سال پہلے آپ جھوٹ بول رہے تھے یہ جرات نہیں تھی کہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے، فضل الرحمن میرے بھائی ہیں اور ن لیگ نے آپ کو دو دفعہ استعمال کیا ہے ، پیپلز پارٹی کبھی بھی پارلیمان سے استعفیٰ نہیں دے گی۔
ہفتہ کے روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کی سیاست کا محور صرف اپنی ذات ہے اورانہوں نے قومی اداروں کے خلاف اعلان جنگ کیاہے ۔آج بھی کہتا ہوں کہ ن سے ش ضرور نکلے گی اور پارٹی جن مسائل سے دو چار ہے ان سے سب باخبر ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف نے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کے خلاف بات کی ہے لیکن میرا نواز شریف سے سوال ہے کہ کیا راحیل شریف کی خدمات کو سہراتے ہوئے ان کوخط نہیں لکھاتھا ، کیا 4سال پہلے آپ جھوٹ بول رہے تھے یہ جرات نہیں تھی کہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے ۔ سالوں سے لسانیت ، فرقہ پرستی اور دہشتگردی کے خلاف لڑ رہی ہے ۔ بی جے پی کا کارکن پاک فوج کے خلاف ہوسکتا ہے ، کوئی مسلم لیگی کارکن پاک فوج کے خلاف نہیں ہوسکتا۔شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ نواز شریف کو آج عدالتیں بری لگتی ہے کیونکہ انہیں جسٹس عبدالقیوم جیسے لوگ پسند ہیں جن کو فون کر کے فیصلے کراتے تھے اور نواز شریف نے جونیجو کے پیٹھ پر چھرا گھونپا ۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا احترام اس لئے ہے کہ وہ خاتون ہیں لیکن وہ احتیاط کریں کہیں وہ یہ احترام بھی نہ کھو دیں ۔ اپوزیشن نے 34قوانین میں ترمیم چاہتی تھی اور ایف اے ٹی ایف پر حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتی تھی۔ وزیر اعظم نے نیب قوانین میں ترمیم کومسترد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف فوجی جوتوں پر ایکسائز وزیر بنے تھے اور اب بھی ایک سال10 ماہ تک خاموش اس لئے رہے کہ وہ باگین کر رہے تھے لیکن ان کے لئے آج عدالتوں کا وقت ہے وہاں صفائی دینی ہوگی ۔
نواز شریف عوام کو بتائیں کہ وہ خود ہی سے تنہائی میں باتیں کرتے تھے ۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ دنیا سی پیک کی مخالف ہے اور پاکستان کے خلاف سازشیں ہو رہی ہے ۔ لندن میں اس حوالے سے گٹھ جوڑ ہو رہا ہے جس میں میاں نواز شریف اس کے سب سے بڑے محرک ہیں جبکہ فضل الرحمن میرے بھائی ہیں اور ن لیگ نے آپ کو دو دفعہ استعمال کیا ہے ، پیپلز پارٹی کبھی بھی پارلیمان سے استعفیٰ نہیں دے گی