اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے دیرینہ ساتھیوں کی تنقید کرنے پر پارٹی سے خارج کرکے قوم کودکھادیا کہ وہ اندر سے کتنے جمہوری ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پر اصولی تنقید کرنے والوں کو پارٹی سے نکالنا آمریت اور فسطائیت کی بدترین شکل ہے، ان کے فیصلے نے ثابت کردیا کہ جے یوآئی(ف) میں ڈکٹیٹر شپ مسلط ہے، اپنے دیرینہ ساتھیوں کی تھوڑی سی تنقید برداشت نہ کرنے والوں نے قوم کو دکھا دیا کہ وہ اندر سے کتنے جمہوری ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دوسروں کو اسلام کی مثالیں اور حوالے دینے والوں سے پوچھتا ہوں کہ کیا اسلام میں سوال پوچھنے پر ایسا ہی سلوک کیاجاتا ہے، آپ کی جماعت میں آزادی اظہارکا یہ عالم ہے؟ عہدے بھائیوں اور چہیتوں میں بانٹ کر جماعت پر جمہوریت کا لیبل چپکانے سے لوگوں کو دھوکا نہیں دیاجاسکتا۔