فرنچ اوپن 97

فرنچ اوپن ،مایہ نازٹینس سٹار رافیل نڈال پھر چیمپئن بن گئے

پیرس (رپورٹنگ آن لائن)فرنچ اوپن میں اسپینش اسٹار رافیل نڈال ایک بار چپمئن بن گئے ،نڈال نے فائنل میں ڈنمارک کے کیسپر رووڈ کو شکست دیکر 14ویں فرنچ اوپن ٹرافی اپنے نام کرلی،یہ ان کے کیریئر کی 22ویں ریکارڈ گرینڈ سلم ٹرافی بھی شمار ہوئی، وہ اپنے ہم عصروں راجرفیڈرر اور نووک جوکووچ سے اب 2 قدم آگے بڑھ گئے۔فیصلہ کن معرکے میں نڈال کو 8 سیڈ حریف سے کسی خاص مزاحمت کا سامنا نہیں رہا، انھوں نے ابتدائی سیٹ 6ـ3 سے جیت کر دوسرے سیٹ میں بھی اسی مارجن سے کامیابی پائی، اسپینش اسٹار نے تیسرے سیٹ میں حریف کو ایک بھی گیم جیتنے کا موقع نہیں دیا اور 6ـ0 سے کامیابی سمیٹ کر مشن مکمل کرلیا۔

رافیل نڈال نے کیریئر میں 30 ویں بار گرینڈ فائنل میں رسائی حاصل کی، وہ اب تک 22 بار فاتح بنکر میدان سے باہر آئے ہیں، اسپینش اسٹار نے کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپئن اور ورلڈ نمبرون نووک جوکووچ کو بھی راستے سے ہٹادیا تھا جبکہ سیمی فائنل میں جواں سال جرمن حریف الیگزینڈر زیوریف ٹخنے میں تکلیف کے سبب مقابلہ مکمل نہیں کرپائے تھے۔دوسری جانب ویمنز ڈبلز ٹرافی فرنچ جوڑی کرسٹینا میلڈینووک اور کیرولین گارشیا نے جیت لی، انھوں نے فائنل میں امریکی جوڑی جیسکا پیگولا اور کوکو گوف کو 2ـ6،6ـ3 اور6ـ2 سے مات دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں