کراچی (ر پورٹنگ آن لائن) قومی ٹیم کے ٹیسٹ فاسٹ بولر حسن علی ایک بار پھر زخمی ہوگئے ہیں جس کے بعد قائد اعظم ٹرافی کے بقیہ میچز میں ان کی شمولیت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ 26 سالہ حسن علی کو کمر کی تکلیف کے سبب ورلڈ کپ 2019ءکے بعد تقریبا 15 ماہ تک کرکٹ سے دور رہنا پڑا تھا اور اب وہ گروئن انجری کا شکار ہوگئے ہیں، حسن علی قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے رانڈ میں نادرن پنجاب کے خلاف سینٹرل پنجاب کی جانب سے پہلی اننگز میں باﺅلنگ کرواتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔حریف ٹیم کی پہلی اننگ میں بیٹنگ کے دوران اپنے چھٹے اوور کی دوسری گیند کرانے کے بعد حسن علی گروئن کی تکلیف کے سبب مزید بولنگ جاری نہیں رکھ سکے تھے اور ان کو واپس ڈریسنگ روم لوٹنا پڑا تھا،
ان کی جگہ احمد صافی عبداللہ نے وہ اوور مکمل کرایا، دوسری اننگ میں بھی حسن علی کوشش کے باوجود خود کو بولنگ کے لیے تیار نہیں کرپائے، ذرائع کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ جمعہ سے شروع ہونے والے تیسرے راﺅنڈ میں بلوچستان کے خلاف ایکشن میں نہیں آئیں گے، انہوں نے اب تک کھیلے گئے 2 میچز میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حسن علی نے کراچی کے ہسپتال سے سکین بھی کروالیا ہے جس کی رپورٹس آنا باقی ہیں۔ قبل ازیں ایک انٹرویو میں حسن علی نے دعوی کیا تھا کہ انہوں نے انجری سے نجات حاصل کرلی ہے، انہیں خود پر مکمل اعتماد ہے اور وہ پاکستانی ٹیم میں واپسی کے لیے پرعزم ہیں، حسن علی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 مہینے ان کے لیے بہت مشکلات لے کر آئے اور انجری سے چھٹکارہ پانے کے لیے انہیں بہت محنت کرنی پڑی کیوں کہ بار بار انجری کی وجہ سے مسائل مزید بڑھ گئے تھے۔