اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ غیرملکی سازش کا ڈرامہ عدم اعتماد کے ذریعے دفن ہونے والا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کاکرپشن کا بیانیہ ملکی اور غیر ملکی عدالتوں، ہر قانونی فورم پر پٹ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کے پاک نام پر سیاست کا بیانیہ آپ کی بدترین اور بھیانک کارکردگی کی نذر ہو گیا، امر باالمعروف کی مقدس قرآنی اصطلاح آپ نے اپنے سیاسی ڈھونگ اور سیاہ اعمال کی بھینٹ چڑھائی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ غیرملکی سازش کا ڈرامہ تو عدم اعتماد کے ذریعے دفن ہونے والا ہے، قوم کے ساتھ اپریل فول کھیلنے کے بجائے تاریخی کرپشن اور 16 فیصد مہنگائی،60 لاکھ لوگ بے روزگاری، 2 کروڑ لوگوں کو غریب کرنے، ڈالر120 سے 185، آٹا 35 سے 100، چینی 52 سے 120، گھی 130 سے 500، 55000 قرض، پیٹرول 96 سے 150 کا جواب دیں۔ترجمان ن لیگ کا کہنا ہے کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت 11 سے 30، 14000 میگاواٹ اضافی بجلی ہونے کے باوجود 5372 میگاواٹ سے زیادہ کمی، لوڈشیڈنگ، گیس کی قلت، قیمت 600 سے 1400 روپے تک پہنچنے کے جواب دیں۔مریم اورنگزیب نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہا کہ جھوٹ پورا ہوگیا ہو تو اپنی بدترین کاکردگی کا جائزہ پیش کریں، ملک کو جعلی خط سے نہیں بلکہ آپ کی اس کارکردگی سے خطرہ ہے۔